پیر 23 نومبر 2026 - 12:42
حضرت ام البنینؑ کا مقام و مرتبہ، توسل اور دسترخوان کا جواز

حوزہ/ کیا حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا ایک عام خاتون تھیں؟ ان سے توسل کرنے اور ان کے نام پر نیاز کا اہتمام کرکے تبرک حاصل کرنے کا کیا حکم ہے؟

حوزہ نیوز ایجنسی |

سوال: کیا حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا ایک عام خاتون تھیں؟ ان سے توسل کرنے اور ان کے نام پر نیاز کا اہتمام کرکے تبرک حاصل کرنے کا کیا حکم ہے؟

مرجعِ اعلیٰ دینی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی سرپرستی میں قائم مرکزِ تحقیقاتِ عقائد (مرکز الابحاث العقائدیۃ) سے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شخصیت، مقام و منزلت اور ان سے توسل کے جواز کے متعلق ایک سوال کیا گیا۔ سوال اور جواب کا ترجمہ پیش خدمت ہے:

سوال: میں نے اپنے علاقے کی ایک معروف شخصیت سے سنا ہے کہ حضرت ام البنین رضوان اللہ علیہا دوسری عام خواتین کی طرح ایک عام خاتون تھیں اور زوجۂ امیرالمؤمنین علیہ السلام ہونے کے علاوہ ان کی کوئی خاص فضیلت نہیں تھی۔ لہٰذا ان سے توسل کرنا اور ان کے مزار کی مٹی سے تبرک حاصل کرنا جائز نہیں ہے۔ اسی طرح محبان و پیروانِ اہل بیت علیہم السلام کی جانب سے ان کے نام پر نیاز (دسترخوان) کا اہتمام کرنا بھی ایک خود ساختہ بدعت ہے۔

جواب:

محترم جناب سید محمد!

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

حضرت ام البنین کلابیہ سلام اللہ علیہا، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے فرزندوں کی والدہ، ہرگز دوسری عام خواتین کی طرح ایک عام خاتون نہیں تھیں، بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ اور مقرب بندوں میں سے تھیں۔

ان کے مقام و منزلت کو سمجھنے کے لئے یہی کافی ہے کہ وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی اولاد کو اپنی اولاد پر ترجیح دیتی تھیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی ایسی تربیت کی تھی کہ ان کے دلوں میں یہ حقیقت راسخ ہو گئی تھی کہ تمہارا اور امام حسن، امام حسین اور حضرت زینب علیہم السلام کا مقام یکساں نہیں ہے۔ تم پر لازم ہے کہ ان کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کر دو اور کبھی یہ خیال بھی دل میں نہ لاؤ کہ ہم سب کے والد امیرالمؤمنین علیہ السلام ہیں۔

انہوں نے اپنے چاروں بیٹوں کو نہایت خلوص اور فراخ دلی کے ساتھ راہِ خدا میں قربان کر دیا، تاکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی حاصل کر سکیں اور روزِ قیامت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سامنے سرخرو ہوں۔ وہ اپنے چاروں بیٹوں کو موت کی آغوش میں جاتے ہوئے دیکھ رہی تھیں، لیکن انہیں یقین تھا کہ وہ کربلا کے میدان میں خون کے سمندر میں چمکتے ہوئے چاند کی طرح جلوہ گر ہوں گے۔

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا امام حسین علیہ السلام کے ساتھ طرزِ عمل ایسا تھا کہ وہ آپ کو اپنا واجب الاطاعت امام سمجھتی تھیں۔ اگرچہ وہ خود کربلا کے قافلے میں جسمانی طور پر شریک نہیں ہوئیں، لیکن اپنے جگر کے چاروں ٹکڑوں کو امام حسین علیہ السلام کی نصرت کے لئے روانہ کر دیا۔

یہ عظیم خاتون اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور وفاداری میں اس قدر سرشار اور ان کی ہدایت و تعلیمات سے اس قدر وابستہ تھیں کہ اللہ تعالیٰ کے مقرب اولیاء میں شمار ہوئیں۔ اس میدان میں ان کی پیش قدمی اور بے مثال اخلاص نے انہیں اللہ تعالیٰ اور اہل بیت علیہم السلام کے نزدیک عظیم مقام و منزلت عطا کی۔

وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توسل کے لائق ایک باعظمت ہستی اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد بہترین مخلوق، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی زوجہ تھیں۔ انہوں نے سید المسلمین امیرالمؤمنین علیہ السلام کے زیرِ سایہ زندگی گزاری۔ وہ اس عظیم گھرانے کا حصہ بنیں جس میں ان سے پہلے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سیدۃ النساء العالمین اور پھر امام حسن، امام حسین اور حضرت زینب علیہم السلام زندگی گزار چکے تھے۔

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا عرب کے ایک معزز اور صاحبِ حسب و نسب خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کا تعلق ایسے خاندان سے تھا جس کی شرافت اور بہادری مسلم تھی۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے بھی اپنے لئے اسی خاندان کی خاتون کا انتخاب فرمایا تھا۔

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے امیرالمؤمنین علیہ السلام کی شہادت کے بعد کسی دوسرے شخص سے شادی نہیں کی۔ تاریخ میں ایسی خاتون کی مثال نہیں ملتی ہے جس نے اپنے شوہر کی اولاد سے اس قدر وفاداری کا مظاہرہ کیا ہو اور انہیں اپنی اولاد پر ترجیح دی ہو۔

روایت میں ہے کہ جب وہ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے گھر تشریف لائیں تو امام حسن اور امام حسین علیہما السلام بیمار تھے۔ انہوں نے فوراً دونوں شہزادوں کی تیمارداری اور خدمت شروع کر دی، ان کی دل جوئی کی اور شفقت بھرے انداز میں ان سے گفتگو کرتی رہیں، یہاں تک کہ وہ صحت یاب ہو گئے۔

انہوں نے امیرالمؤمنین علیہ السلام سے درخواست کی کہ گھر والوں کو ہدایت فرما دیں کہ آئندہ انہیں ان کے اصل نام، فاطمہ، سے نہ پکارا جائے، کیونکہ اس نام سے امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کو اپنی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد آ جائے گی اور ان کا غم تازہ ہو جائے گا۔ چنانچہ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے انہیں ام البنین کے نام سے پکارنا شروع کر دیا۔

وہ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کے لئے ایک شفیق اور مہربان ماں کی مانند تھیں۔ اس میں کوئی تعجب نہیں، کیونکہ وہ ایک معصوم امام کی شریکِ حیات تھیں۔ انہوں نے امام کے نور سے روشنی حاصل کی، ان کے علم و معرفت سے فیض اٹھایا، ان کے آداب سیکھے اور ان کے اخلاق و کردار کو اپنایا۔

اللہ تعالیٰ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ہم نام اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فرزندوں کی والدہ، حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کو اپنی رحمت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ قرار دیا ہے۔ جو شخص ان کے وسیلے سے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنی حاجت پیش کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کی مراد پوری فرماتا ہے اور جو ان کے وسیلے سے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتا ہے، اسے اس کی حاجت عطا ہوتی ہے۔ جو شخص اس حقیقت کو جاننا چاہتا ہے، وہ خود ان کے وسیلے سے توسل کرکے دیکھ لے۔

لہٰذا حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا سے توسل کرنا، ان کے مزار کی مٹی سے تبرک حاصل کرنا اور ان کے نام پر نیاز (دسترخوان) کا اہتمام کرنا، سب صحیح اور جائز ہیں۔

اسی طرح ائمہ علیہم السلام اور دیگر اولیائے الٰہی کی ولادت یا وفات کے مواقع پر مؤمنین کے لئے کھانے کا اہتمام کرنا اور انہیں کھانا کھلانا بھی جائز اور درست ہے۔

ترجمہ: سید علی ہاشم عابدی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha